16 جولائی 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ تہران شام کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل و ذرائع استعمال کرے گا۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے آج ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تعاون اور مشارکت کے بغیر علاقے کا کوئي بحران حل نہیں کیا جاسکتا اور ایران نے شام میں امن و ثبات قائم کرنے کےلئے بھرپور کوششیں کی ہیں اور یہ پالیسی جاری رکھے گا۔

مہمان پرست نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے مخالفیں اور حکومت شام کے مذاکرات کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہےکہ شام کی حکومت کے مخالفیں اور جو لوگ مطالبات رکھتے ہیں ان کے مطالبات بیرونی مداخلت اور بیرونی فارمولوں کے مسلط کئے جانے کے بغیر پورے کئے جانے چاہیں ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ماسکو مذاکرات کے مطابق طے پایا تھا کہ استنبول میں ماہرین کے مذاکرات ہوں اور جب تک اس اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا جاتا ہے اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری اور یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی نائب سربراہ کے مذاکرات بھی ہوں جن میں سیاسی لحاظ سے مذاکرات کا جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا اگر یہ دوسرے مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات جاری رہیں گے۔ رامین مہمان پرست نے سعودی عرب میں مظاہرین  پر جاری تشدد کے بارے میں کہا کہ بحرانوں کے حل کے لئے صحیح اور مدبرانہ روشوں کی ضرورت ہوتی ہے اور عوام پر تشدد ڈھانے کے غلط فیصلوں سے حالات مزید بحرانی ہوجاتے ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلامی بیداری نے دنیا میں نئے حالات پیدا کردئے ہیں اور تہران ملکوں کو یہ نصحیت کرتا ہےکہ اپنی قوموں کی سرکوبی کے بجائے ان کے مطالبات پر کان دھریں اور ہر طرح کے تشدد سے بحرانوں میں مزید شدت آتی جائے گي۔

.......

/169